لندن (نیوز ڈیسک) بچوں کی صحت کیلئے کولا مشروبات تو مضر ہیں ہی لیکن اب ایک نئی مصیبت انرجی ڈرنکس کی صورت میں نمودار ہو چکی ہے اور بدقسمتی سے سکول کے بچے بھی ان کے شوقین ہو رہے ہیں۔ برطانیہ کے ہیڈوک ہائی سکول میں اساتذہ ایک عرصہ سے کہہ رہے تھے کہ بچوں کی تعلیمی کارکردگی میں کمی آتی جا رہی ہے جبکہ ان میں لڑائی جھگڑے اور بدتمیزی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
جب کچھ اچھے بچوں نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھی انرجی ڈرنک کے شوقین ہیں اور سکول میں بھی مونسٹر، ریڈبل اور دیگر ایسے مشروبات لاتے ہیں تو پرنسپل ڈی گریفتھس نے اس قسم کے مشروبات سکول میں لانے پر مکمل پابندی عائد کر دی اور والدین کو بھی خبردار کیا کہ وہ بچوں کو ان مشروبات سے دور رکھیں۔ پرنسپل کی طرف سے ایک مقامی این جی او کے تعاون سے بچوں کو کولا مشروبات اور انرجی ڈرنک کے بدلے صحت بخش مشروبات فراہم کرنے کا بھی بندوبست کیا گیا۔ اب چند ماہ بعداس سکول کے طلباءکی حالت ہی بدل چکی ہے۔ وہی بچے جو پے در پے فیل ہو رہے تھے اب بہترین نتائج دکھا رہے ہیں اور ان کا رویہ بھی بہت شائستہ ہو چکا ہے۔ اس اہم مثال کو سامنے رکھتے ہوئے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کولا ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس بچوں میں ذہنی کمزوری پیدا کرتے ہیں اور ان کے رویے میں جارحیت کا سبب بنتے ہیں لہٰذا انہیں بچوں سے مکمل طور پر دور رکھنا چاہیے۔
0 comments:
Post a Comment